دولت مشترکہ کے رہنماتنظیم کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب

139

لندن۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دولت مشترکہ کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ تنظیم کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں،دولت مشترکہ کے ممالک کے مابین ہم آہنگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تا کہ مشترکہ ترقی کا خواب پورا ہو سکے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے جمعہ کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بادشاہ چارلسIII کی تاج پوشی ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیر اعظم نے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ دولت مشترکہ تنظیم کو تقویت دینے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نےکہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک کے مابین ہم آہنگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تا کہ مشترکہ ترقی کا خواب پورا ہو سکے۔

وزیر اعظم نے پاکستانی نوجوانوں اور ہنر مندوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے اور پسماندہ طبقے جیسا کہ مذہبی اور نسلی اقلیتوں، معذور افراد اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لا رہی ہے۔