اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):دولت مشترکہ کے مبصرین کے وفد نے جمعرات کو پاکستان میں پولنگ کے عمل کی شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انتخابات سے قبل، بیرون ملک سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مدعو کئے گئے مختلف مبصرین، صحافیوں اور سٹیک ہولڈرز نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔دولت مشترکہ کے مبصرین کے 25 رکنی گروپ نے اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا جن میں حلقہ این اے 47 کے پولنگ اسٹیشن بھی شامل ہیں۔
دولت مشترکہ کے مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ وہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے عمل سے مطمئن ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفد کے سربراہ نے کہا کہ انتخابات اور ووٹنگ کا عمل تاریخی طور پر انٹرنیٹ پر انحصار کے بغیر کام کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات انٹرنیٹ کی دستیابی سے پہلے بھی کرائے جا رہے تھے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹ ڈالنا انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی دستیابی سے زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دوروں کا مقصد انتخابی عمل کی نگرانی کرنا ہے۔
دریں اثنا جاپانی اوورسیئر گروپ کے وفد نے بھی جمعرات 8 فروری کو این اے 48 اسلام آباد کے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔پریزائیڈنگ آفیسر اور عملے نے وفد کو انتخابی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔ ووٹرز کے پاس قومی اور صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کا موقع ہے۔