ابوظہبی۔22نومبر (اے پی پی):امارات کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کرکٹ کے تیز ترین فارمیٹ ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں (کل) منگل کو مزید2میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ ٹورنامنٹ کے پانچویں روز پہلا میچ دفاعی چیمپئن ناردرن واریئرز اور دکن گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ ٹائیگرز اور چنائی برویز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں میچز شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ، ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ 4دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 35 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں میں دفاعی چیمپئن ناردرن واریئرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز ، بنگلہ ٹائیگرز ، چنائی بریوز اور ٹیم ابوظہبی شامل ہیں۔ ابوظہبی ٹی 10 دنیا کا واحد دس اوور کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جسے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باضابطہ طور پر منظور کیا اور امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ذریعہ لائسنس یافتہ ہے۔
ٹی 10 کرکٹ کا تیز ترین فارمیٹ ہے اور اس کے تمام میچز 10 , 10اوورز پر مشتمل ہوتے ہیں اور اس کا دورانیہ 45 منٹ جبکہ مجموعی طور پر 90 منٹ کا کھیل کھیلا جاتا ہے۔ اس میں ایک رائونڈ رابن ہوتا ہے جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل ہوتا ہے۔ٹورنامنٹ کے پانچویں ایڈیشن میں مراٹھا عربینز، لاہور قلندرز اور پونے ڈیولز کی جگہ دی چنائی بریوز کے نام سے ایک نئی ٹیم شامل کی گئی۔