دوہزار چوبیس کے لیے ایشیا پیسفک میں انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ کی علاقائی قیادت پاکستان کے سپرد

111
Spokesperson NDMA
Spokesperson NDMA

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):عالمی سطح پر آفات سے نمٹنے کے خاطر خواہ اقدامات کے پیش نظرسال 2024 کے لیے پاکستان کو انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ (آئی این ایس اے آر اے جی) کی علاقائی قیادت سونپ دی گئی۔اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں نیوزی لینڈ کی جانب سے علاقائی چیئرمین شپ کا اعزازنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان کومنتقل کیاگیا۔ نو منتخب ریجنل چیئر کے طور پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی نمائندگی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پلانز رضا اقبال نے کی جنہوں نے چیئر کی جانب سے ایشیا پیسیفک خطے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کی قیادت میں، این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ اس سلسلے کی پہلی کوشش بین الاقوامی ریسکیو چیلنج (لاہور) اور ایشیا پیسیفک زلزلہ رسپانس ایکسرسائز (لاہور)کا انعقاد کرانا ہے جہاں پنجاب ایمرجنسی سروسزریسکیو 1122 کے تعاون سے زلزلے سے نمٹنے کے لیے ایک مشق کی میزبانی کرے گا۔ اس مشق اور ایشیا پیسیفک ریجنل میٹنگ (اسلام آباد) کے ذریعے زلزلہ زدہ علاقوں میں تیاری اور ہم آہنگی کو بڑھانے اور رکن ممالک کو آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر حکمت عملی موئثر بنانے اور تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کی جانب سے علاقائی صدارت کے حصول کے بعد آفات اور ہنگامی صورت حال اور در پیش اجتماعی مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک فعال اور باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر کا تصور پیش کرتے ہوئے یقین دلایا گیا کہ این ڈی ایم اے، پاکستان بھر پور انداز میں اس سال کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں ہم تجربات کے تبادلے، موئثر ہم آہنگی اور معاونت کے ذریعے آئی این ایس اے آر اے جی کمیونٹی کو آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کر یں گے۔

سوئس ایجنسی فار ڈیولپمنٹ اینڈ کوآپریشن کے سفیر ڈومینک اسٹیل ہارٹ، نو منتخب گلوبل چیئر نے آئی این ایس اے آر اے جی کے عالمی اقدامات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ علاقائی چیئرکی لیگ میں شامل ہونے والے ماریئس ڈوگیانو، وزارت داخلہ، رومانیہ (اے ای ایم ای ریجنل چیئر)، جارج کیریلو، رسک مینجمنٹ سیکرٹری، ایکواڈور (امریکہ ریجنل چیئر)؛ اور این ڈی ایم اے پاکستان نے، ایشیا پیسیفک خطے کی نمائندگی کی۔ سیباسٹین روڈس سٹیمپا، چیف ایمرجنسی رسپانس سیکشن (ای آر ایس) اور آئی این ایس اے آر اے جی سیکرٹریٹ سے آئی این ایس اے آر اے جی سیکرٹری نے شرکت کی۔

آئی این ایس اے آر اے جی، اقوام متحدہ کے تحت ایک عالمی نیٹ ورک ہے جس کا مقصد، آفات بلخصوص زلزلوں کی صورت میں شہری تلاش اور بچاؤ کے اقدامات میں بین الاقوامی سطح پر معاونت فراہم کرنا ہے۔ آئی این ایس اے آر اے جی اپنے اقدامات کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان موئثرمعاونت اور ہم آہنگی پیدا کرنے اور آفات کے دوران امدادی کاروائیوں کو سر انجام دینے کے لیے کردار ادا کر تا ہے اور زلزلے اور سیلاب جیسی بڑی آفات کے بعد آئی این ایس اے آر اے جی ایک عالمی لائف لائن کے طور پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں اربن سرچ اور ریسکیو ٹیموں کے لیے راہنما اصول مرتب کیے جن کو استعمال کرتے ہوئے تباہ شدہ عمارتوں اور آفت زدہ علاقوں سے متاثرین کو نکالنے کے لیے بین الاقوامی تعاون فراہم کیا جاتا ہے تا کہ کسی بھی ملک کو تنہا تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔