پشاور۔ 30 دسمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع ٹورازم ونگ اور ضلعی انتظامیہ باجوڑ کے زیراہتمام دو روزہ باجوڑ فیسٹیول باجوڑ خار سپورٹس کمپلیکس میں احتتام پزیر ہوگیا۔فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں سمیت میجک شو، مشاعرہ، مقامی موسیقی، اتنڑ ڈانس، موسیقی، مزاحیہ خاکے اور بچوں کیلئے پلے ایئریاسجایاگیا تھا۔ فیسٹیول میں باجوڑ سکاؤٹس 172 ونگ اور باجوڑ پولیس کا بھی تعاون حاصل رہا۔
اختتامی روز باجوڑ خار میں 7کلومیٹر ٹریک پر سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیاسائیکل ریس میں لقمان نے پہلی، وحید نے دوسری اور امتیاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ،فاتح سائیکلسٹ میں بالترتیب 40 ہزار، 25 ہزار اور 15 ہزار کے نقد انعام تقسیم کئے گئے۔فیسٹیول میں کبڈی، مارشل آرٹس، رسہ کشی کے مقابلے بھی مکمل ہوئے ،کبڈی، مارشل آرٹس، رسہ کشی کے فاتح کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
فیسٹیول میں محفل موسیقی میں مختلف گلوکاروں نے پرفارم کیا۔باجوڑ فیسٹیول میں سائیکل ریس، مارشل آرٹس، کبڈی مقابلوں کے علاوہ سکول بچوں کے ٹیبلو شامل تھے۔ پہلے روز کبڈی، مارشل آرٹس،مزاحیہ خاکے، مشاعرہ، روایتی اتنڑ رقص اورمحفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جبکہ فیسٹیول میں دوسرے روز سائیکل ریس سمیت مارشل آرٹس کے فائنل مقابلے ہوئے اور اس کیساتھ ساتھ ٹیبلو، ثقافتی رقص پرفارمنس، مقامی بینڈ پرفارمنس، مزاحیہ شو، مقامی شعراء اپنی شاعری پیش کی گئی۔
باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد سیاحتی مقامات کو فروغ، نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت اورباجوڑسے دنیا کو مثبت پیغام دینا ہے۔
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کرچکا ہے جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ، وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پراجیکٹ ڈائریکٹرضم اضلاع ٹورازم اتھارٹی اشتیاق خان تھے۔