33.2 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںدو روزہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم اختتام پذیر ، وفاقی وزیر...

دو روزہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم اختتام پذیر ، وفاقی وزیر آئی ٹی کا پاکستان میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ پر زور

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):دو روزہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم (ڈی ایف ڈی آئی)بدھ کو ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارمیشن اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان کو ایک علاقائی رہنما کے طور پر مقام دینے کے مضبوط عہد کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ایونٹ میں 45 سے زائد ممالک نے شرکت کی جس میں 40 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔

تقریباً 35 وزراء اور مختلف ممالک کے سرکاری وفود کے ساتھ ساتھ 30 عالمی مقررین اور معروف آئی ٹی فرموں کے 50 سے زائد سی ای اوز نے شرکت کی۔ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او ) کے تعاون سے وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر اہتمام ڈی ایف ڈی آئی 2025 کا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور اختراعات کے لئے ایک اہم مقام کے طور پر فروغ دینا تھا۔اس فورم میں دنیا بھر سے سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں، صنعت کے رہنماؤں اور ٹیک ماہرین اکٹھے ہوئے تاکہ بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں مواقع تلاش کریں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کا مرکز بننے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، ترقی پسند پالیسیوں اور ہنر مند آئی ٹی پروفیشنلز کی بڑھتی ہوئی تعداد اہمیت کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اگر آپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ہم یقینی بنائیں گے کہ سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے پاکستان کی مکمل صلاحیتوں سےاستفادہ کرنے کے لئے نہ صرف آئی ٹی بلکہ زراعت، صحت کی دیکھ بھال، مالیات، تعلیم اور مینوفیکچرنگ میں بھی سرکاری اور نجی شعبوں، بین الاقوامی شراکت داروں اور ترقیاتی تنظیموں کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اب کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہی، یہ اب ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے اور مجموعی ترقی کے لئے ضروری ہے،ڈیجیٹل پر منتقلی ترقی کے لئے چیلنجز اور نئے مواقع دونوں فراہم کرتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی 70 فیصد آبادی ملک کو ڈیجیٹل اختراع میں ایک امید افزا ءمستقبل فراہم کرتی ہے۔انہوں نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ، نیشنل اے آئی پالیسی، سائبر سکیورٹی پالیسی، ٹیکنالوجی پارکس اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز کی ترقی اور مضبوط سٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور کیش لیس معیشت میں منتقلی کے لئے تعاون سمیت کلیدی پالیسی اقدامات کا بھی خاکہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب قیادت، وژن اور ٹیلنٹ سے چلنے والا ایک مکمل ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام پیش کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کوششوں کو آگے بڑھانے کا سہرا وزیر اعظم کی قیادت کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 75,000 آئی ٹی گریجویٹس اور 300,000 تصدیق شدہ پیشہ ور افراد ہر سال افرادی قوت میں شامل ہوتے ہیں جو ترقی کے لئے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک اہم موڑ پر ہیں ، اپنی معیشت، معاشرے اور حکمرانی کو ڈیجیٹل طور پر تبدیل کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ہمارے ساتھ بڑھیں ۔انہوں نے پاکستان 2026 میں ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی صدارت سنبھالے گا اور مارکیٹوں، ٹیلنٹ، سرمائے اور بہترین طریقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے علاقائی ٹیکنالوجی کوریڈور کو وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، وزارت تجارت، مقامی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور خاص طور پر نجی شعبے کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سمیت وزارت آئی ٹی اور اس سے منسلک اداروں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590418

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں