دو لاکھ پاکستانیوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پنچانے کے لئے فلائٹ آپریشن 4 جولائی کو شروع ہو گا، وزارت مذہبی امور

76

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت 2 لاکھ پاکستانیوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پنچانے کے لئے فلائٹ آپریشن (جمعرات) 4 جولائی کو شروع ہو گا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ای ویزہ کااجراءشروع ہو گیا ہے۔ عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے 10 حاجی کیمپ مکل طورپر فعال کردیئے گئے ہیں۔ عازمین حج کو ان کی پرواز سے قبل پاسپورٹ، ٹکٹس، گلے کے لاکٹس اور سامان کے سٹکرز مہیا کئے جائیں گے۔ رواں سال عازمین حج کی سہولت کی خاطر سعودی عرب اور پاکستان نے باہمی اشتراک سے حج 2019ءروڈ ٹو مکہ منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے ہو گا۔ سعودی ایمیگریشن کے 51 رکنی وفد نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور سعودی ایمیگریشن کا نظام قائم کردیا گیا ہے۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستانی عازمین کی سعودی امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی مکمل ہو گی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا پائلٹ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کیا جارہا ہے جس کے تحت عازمین حج کا سامنا سعودی ایئرپورٹ سے براہ راست ان کی رہائش پر پہنچایا جائے گا۔