اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت شروع کئے گئے "ہنرمند نوجوان پروگرام” نے اپنی کامیابی کا نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اب تک اس پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کے مطابق، اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور ٹیکسٹائل، الیکٹریکل ، ہاسپیٹیلٹی و ٹورازم، ہیلتھ اینڈ لائف سائنسز اور بینکنگ و فنانس جیسے اہم شعبوں میں بین الاقوامی معیار کی تربیت دی جا رہی ہے۔
پروگرام میں شامل تمام کورسز کو قومی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ نوجوان عالمی سطح پر بھی مسابقتی صلاحیت کے حامل ہوں۔ یہ تربیت مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئے ہیں۔تربیتی مراکز جدید آلات اور تدریسی طریقوں سے لیس ہیں جہاں نوجوانوں کو عملی مہارتوں سے آراستہ کیا جاتا ہے۔
اس منصوبے کی کامیابی کی بڑی وجہ اس کی صنعت سے ہم آہنگ حکمت عملی ہے جو نوجوانوں کو ملازمت کے عملی میدان کے لیے تیار کرتی ہے۔پروگرام نے نہ صرف تعلیم اور صنعت کے درمیان خلا کو کم کیا ہے بلکہ نوجوانوں کو وہ ہنر فراہم کیے ہیں جو آج کے دور میں سب سے زیادہ طلب میں ہیں۔
توقع ہے کہ اس پروگرام کی توسیع کے ساتھ مزید لاکھوں نوجوان مستفید ہوں گے اور ملکی معیشت میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا یہ اقدام نوجوانوں میں ہنر مندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔