لاہور۔29 دسمبر(اے پی پی )سال 2017 میں کھیلوں کے حوالے سے پاکستان کی کرکٹ میں بہتر پرفارمنس رہی لیکن سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز نے شائقین کرکٹ کی خوشیوں کو ماند کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، ہاکی میں قومی ٹیم کی کارکردگی زیادہ بہتر نہ رہی لیکن باکسنگ سنوکراور ریسلنگ کے میدانوں سے اچھی خبریں آتی رہیں ،سال 2017 ءمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو فائنل میں ہرا کر چیمپئنز ٹرافی جیت کر پوری قوم کو خوشی سے سر شار کیا،پاکستان نے مصباح الحق کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی، اس جیت کے ساتھ ہی مصباح الحق اور یونس خان کے بین الاقوامی کیریئر اپنے اختتام کو پہنچے،مصباح الحق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے والے کپتان ہیںجبکہ یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے،ان دونوں کے علاوہ شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے بھی باضابطہ طور پر بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ۔