دکھ اور خوشی، بیماری اور تندرستی، ناکامی اور کامیابی ہمیں مالک کائنات کی موجودگی کا احساس دلاتی ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

155

کوئٹہ۔10جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دکھ اور خوشی، بیماری اور تندرستی، ناکامی اور کامیابی یہ سب ہمیں مالک کائنات کی موجودگی کا احساس دلاتی ہے اور یہ پیغام دیتی ہے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے، ان چیزوں کے ذریعے وہ اپنے بندوں کا امتحان لیتا ہے اور اس امتحان میں کامیاب وہی ہوتا ہے جو اسکو مالک حقیقی کی رضا اور امتحان سمجھ کر اس ہی سے ہی مدد مانگے لیکن بدقسمتی سے ہم ان سب کے لئے قصوروار بھی انسانوں ہی کو ٹھہراتے ہیں اور مدد بھی ان سے مانگتے ہیں ۔

وزیراعلی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ بیماری جو خالق حقیقی کی جانب سے ایک آزمائش ہوتی ہے، ہم اسکا مقصد ڈھونڈنے اور رب العزت سے شفاء مانگنے کی بجائے ایک سیکنڈ سوچے بغیر انسانوں سے توقع لگانے بیٹھ جاتے ہیں کہ وہی ہمیں ٹھیک کرسکتے ہیں اور کامیابی کو اپنی دانشمندی اور ناکامی کو دوسروں کی سازش قرار دیکر ان چیزوں میں چھپی حکمت کو ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کرتے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسان کی پیدائش پر خوشیاں منانے والے اسی انسان کی وفات پر دھاڑیں مار مار کر رونے کیساتھ ساتھ ایسے جملے ادا کرنے لگ جاتے ہیں جو کہ خالق کائنات کی ناراضگی کا سبب بنتے ہیں جبکہ ہمارا ایمان ہونا چاہیے کہ سب کچھ خالق حقیقی کی طرف سے ہے اور واپس اسکی طرف ہی لوٹ کر جانا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں بھی بیماری کی صورت میں سب سے پہلے رب العزت سے دعا کرتا ہوں کہ مجھ جیسے کمزور انسان کو اس امتحان کیلئے اگر چنا ہے تو اس سے نکلنے کی توفیق بھی دے اور مجھے اس امتحان میں کامیاب کریہی عقیدہ مجھے شفاء دلاتا ہے ، یہی عقیدہ ہے کہ میں اپنی بیماری کی صورت میں فوراً بڑے بڑے ڈاکٹروں اور بنا سوچے سمجھے عالیشان ہسپتالوں کا رخ کرنے کی بجائے پورے یقین کے ساتھ پہلے خالق حقیقی کی طرف رجوع کرتا ہوں، اس سے مدد مانگتا ہوں اور وہ میری مدد کرتا ہے۔