دکی، ضلعی انتظامیہ ،اے این ایف اور ایف سی کی پوست کی کاشت کے خلاف آپریشن ،9ایکڑپرمحیط فصل تلف

80
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

کوئٹہ۔ 24 فروری (اے پی پی):تحصیل تھل چوٹیالی کے علاقے موضع جھالار خورد میں ضلعی انتظامیہ، انسداد منشیات فورس (اے این ایف) اور فرنٹیئر کور (ایف سی ) کی مشترکہ کارروائی میں غیر قانونی پوست کی کاشت کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔

اس مہم کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالی اکبر علی مزارزئی، اسسٹنٹ کمشنر دکی عمران خان مندوخیل ، اے ڈی اے این ایف اور کیپٹن ایف سی نے کی جن کے ہمراہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔

آپریشن کے دوران 9 ایکڑ پر محیط پوست کی غیر قانونی فصل کو 3 ٹریکٹرز کی مدد سے تلف کر دیا گیا، 21 غیر قانونی ٹیوب ویلز کو ناکارہ بنایا گیا، 281 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچایا گیا، 12 سولر پلیٹس قبضے میں لے لی گئیں اور 1,800 فٹ مین پائپ کاٹ کر پانی کی فراہمی بند کر دی گئی، اس کے علاوہ 4 انورٹر اور 2 سبمرسیبل پمپس ضبط کر لیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور علاقے کو منشیات سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔

عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی، خاص طور پر منشیات کی کاشت یا فروخت کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔