اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):ایس آئی ایف سی کی معاونت سےٹھٹھہ میں دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ معاہدے سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 1لاکھ سے زائد ملازمتیں متوقع ہے ۔ ایس آئی ایف سی حکام کے مطابق حکومت نے ٹھٹہ میں دھا بیجی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں دھا بیجی خصوصی اقتصادی زون کو سرکاری اور نجی شراکت داری ماڈل کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
کراچی کی بند رگاہوں کے قریب واقع خصوصی اقتصادی زون عالمی تجارتی راستوں کیلئے بہترین رابطے کا ذریعہ ہوگا۔یہ خصوصی اقتصادی زون مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے اہم مرکز ہوگا۔ توقع ہے کہ اس سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے ایک لاکھ سے زائد مواقع پیدا ہوں گے۔ چینی کاروباری ادارے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون میں اپنا کردار بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
یہ معاہدہ قومی معیشت کی بحالی کے لئے چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جارہا ہے۔یہ معاہدہ پاکستان کی صنعتی ترقی اور معیشت کی بحالی میں ایک بڑا قدم ثابت ہوسکتا ہے۔ دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کی اسٹریٹجک لوکیشن، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور چینی کمپنیوں کی دلچسپی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ برآمدات اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔