دھان کی باقیات کو آگ لگانے پر دفعہ 144کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات

103
Section 144
Section 144

فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس رندھاوانے کہا کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانے کی صورت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 144کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ دھان کی باقیات کو جلانے سے سموگ پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے سموگ سے فصلوں پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اے پی پی سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات اور محکمہ زراعت مل کر کام کر رہے ہیں کیونکہ سموگ پودوں کو کمزور کر کے بیماریوں کا شکار بناتی ہے اور پودوں کے پتے گہرے بھورے ہو کر پیداوار میں کمی کا باعث بنتے ہیں جبکہ دھا ن کے مڈھوں کو جلانے سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور سموگ سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے اسلئے دھان کی باقیات کو جلا کر تلف کرنے کی بجائے ہل چلا کر تلف کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس عمل سے فائدہ مند بیکٹیریا کی افزائش ہوتی ہے جوکہ فصل کو نامیاتی مادہ بھی مہیا کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سموگ کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں کوڑا کرکٹ سمیت ٹائروں و دیگر کچراکو جلانے پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے۔