دھرنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو شہید و زخمی کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

115
Prime Minister's directive
Prime Minister's directive

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو شہید و زخمی کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں 24 نومبر کو ہونے والے دھرنے میں فسادات کی تحقیقات کے لئے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران ملک کے دارالحکومت پر لشکر کشی کی جو ہمارے لیے شدید شرمندگی کا باعث بنی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس تشکیل دی جائے گی، اسلام آباد سیف سٹی میں فارنزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا اور اس کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ موقع واردات سے اسلحہ، فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول اور دیگر شواہد اکٹھے کئے جا چکے ہیں اور تمام شواہد فار نزک کے لئےبھیجے جائیں گے، موقع واردات پر موجود فسادیوں کی شناخت کا عمل بھی تیز ی سے مکمل کیا جا رہا ہے، شناخت کے بعد تمام فسادیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔