اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):دھند کی شدت میں مزید اضافے کے باعث موٹروے ایم-2 اسلام آباد سے لاہور اور موٹروے ایم- 1 پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعہ کی شب جاری بیان کے مطابق چند گھنٹوں کے دوران دھند کی شدت بڑھنے سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ بالا موٹر وے کے حصوں کو بند کر دیا گیا ہے –
ترجمان نے کہا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے صارفین کے جان و مال کا تحفظ ہے ۔شہریوں سے درخواست ہے کہ دھندکے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سفر کرنا انتہائی ضروری ہو تو اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے اغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں-
ترجمان موٹروے پولیس نے ہدایت کی کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر لیں تاکہ دوران سفر پریشانی سے بچا جا سکے۔