19.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںدھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ ،ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام 24 جوڑوں...

دھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ ،ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام 24 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد

- Advertisement -

ملتان ۔ 14 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی دھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ ضلع ملتان میں بھرپور انداز میں شروع ہوگیا ۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریب میں 24 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا سلیم نے اجتماعی شادی کی تقریب کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال جاوید اختر محمود اور کمشنر عامر کریم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اجتماعی شادی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری ،ایم پی سے نازک کریم سابق ارکان اسمبلی جاوید علی شاہ ، شیخ طارق رشید،اعجاز نون،جاوید انصاری اور مقصودہ انصاری شریک ہوئے جبکہ نئے جوڑوں کی پنڈال میں آمد پر بینڈ اور روایتی جھومر ڈانس بھی پیش کیا گیا۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود اور کمشنر عامر کریم خان نے جوڑوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کی سلامی دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اجتماعی شادی کے تمام جوڑوں کو ڈبل بیڈ ، میٹرس،سنگھار ٹیبل،ڈنر سیٹ اور دیگر سامان کے تحائف بھی دیئے گئے۔پارلیمانی سیکرٹری رانا سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ دھی رانی پروگرام نے شادیوں میں حائل معاشرتی رکاوٹوں کو پاش پاش کردیا ہے۔ہزاروں بیٹیوں کو دھی رانی پروگرام کے ذریعے نئی زندگی شروع کرنے کا موقع دیا گیا۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر بیٹی کیلئے شفیق ماں کا کردار ادا کیا،نئے جوڑوں کو سلامی اور تحائف دینے کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔جاوید اختر محمود نے کہا کہ سرکاری سطح پر ولیمہ اور 2 لاکھ روپے سے زائد کے تحائف پیش کئے جارہے ہیں۔

- Advertisement -

کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام نے ہزاروں بیٹیوں کو باعزت رخصتی کا موقع فراہم کیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر سو فی صد میرٹ پر نوبیاہتا جوڑوں کی سلیکشن کی گئی ۔ بعد ازاں مہمانان خصوصی نے نئے جوڑوں کی سیٹوں پر جاکر انہیں سلامی اور تحائف پیش کئے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ نئے جوڑوں کو زندگی کے نئے سفر پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ بعد ازاں تقریب میں نئے جوڑوں،انکے مہمانوں کیلئے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581906

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں