سرگودھا۔ 18 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع سرگودہا کے مستحق 51 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد مقامی میرج ہال میں کیا گیا۔مہمان خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے ہر جوڑے کو نئی زندگی کے آغاز پر ضروریات زندگی کی اشیاء پر مبنی گفٹ اور اے ٹی ایم کے ذریعے ایک لاکھ روپے تک کی سلامی دی گئی۔مہمانان خصوصی نے مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور افسران کے ہمراہ جوڑوں کی نشستوں پر جاکر سلامی،تحائف اور نیک تمناؤں کے ساتھ زندگی کی نئی شروعات پر مبارکباد دی۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ میں دوسرے اور تیسرے فیز میں بھی پانچ پانچ ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے شمار حکومتیں آئیں،ریاست مدینہ کا نام استعمال کیا گیا لیکن اگر کسی نے ریاست مدینہ کی حقیقی بنیاد دیکھنی ہے تو وہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کو دیکھیں۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے دھی رانی پروگرام کے ذریعے حقیقی شفیق ماں،بہن اور بیٹی کا حق ادا کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کو تاریخ سنہرے الفاظ سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے فیز میں 1500 جوڑوں کی شادیاں کرائی گئیں۔ سردار عاصم شیر مکین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے تمام پراجیکٹس کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی قیادت خالی نعروں یا باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ دھی رانی پروگرام سے متوسط طبقہ کو بھرپور ریلیف ملا ہے اور وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے دعا گو ہیں۔ بعد ازاں نوبیاہتا جوڑوں کو ڈھیروں دعاوں کے ساتھ اپنے گھروں کو رخصت کیا گیا۔
تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر آمنہ منیر ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان ، مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت چوہدری شاہنواز رانجھا، چوہدری عبد الرزاق ڈھلوں ، سلطان علی رانجھا اور میاں سبحان سمیت افسران اور شہری کثیر تعداد میں موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584155