ماسکو۔17نومبر (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، روس ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصر عالمی سطح پر ایک بااثر ملک بن چکا ہے اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،اس کا یہ کردار قابل تعریف ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملوں نے امن مذاکرات کو تعطل کا شکار کردیا ہے۔
ادھر، مصری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مصری اور امریکی حکام کے درمیان غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پہنچنے کے لیے بات چیت جاری ہے،اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ کس طرح امن قائم اور قیدیوں کو رہا کیا جائے۔