34.4 C
Islamabad
پیر, جون 2, 2025
ہومعلاقائی خبریںدہشتگردی میں ملوث ایک ٹولہ بھارتی ایماء پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے...

دہشتگردی میں ملوث ایک ٹولہ بھارتی ایماء پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا گرینڈ جرگے سے خطاب

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 31 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاہے کہ دہشتگردی میں ملوث ایک ٹولہ بھارتی ایماء پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہے ،ہمارا بلوچ صوبہ روایات کاامین ہے لیکن یہ دہشتگرد ان روایات کوروندتے ہوئے مسافروں،بچوں اور خواتین کونشانہ بنا رہے ہیں ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بلوچستان آمد سے ثابت ہوگیاکہ ہمار صوبہ پاکستان کا جھومر ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں منعقدہ بلوچستان گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،قائم مقام گورنر کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی ،وفاقی وزراء احسن اقبال ،عطاء اللہ تارڑ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر،کور کمانڈر 12کور بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اراکین قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ،نوابزادہ جمال خان رئیسانی ،میاں خان بگٹی،سینیٹرز انوار الحق کاکڑ،بلال خان مندوخیل ،عبدالقدوس بزنجو،،صوبائی وزراء ،مشیر ،پارلیمانی سیکرٹریز ،ارکان بلوچستان اسمبلی ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ،اعلیٰ سول وعسکری قیادت موجود تھیں ۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کے لوگوں کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان نے جس بصیرت،دلیری اور غیرت کے ساتھ دشمن کے دانت کھٹے کئے ہیں ،بلوچستان کی عوام نے اس خوشی کو طول وعرض میں منایا، وزیراعظم نے جس انداز میں موجودہ مخدوش حالات کے باوجود سب کو اکھٹا کیایہ وزیراعظم کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ وزیراعظم این 25 کراچی تا کوئٹہ چمن شاہراہ کو 2سالوں میں ایف ڈبلیو او اور افواج کے تعاون سے مکمل کرنے کاارادہ رکھتے ہیں جو کہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیادہ زمین موجود ہے ،میرانی ڈیم اور کچھی کینال جیسے منصوبوں کی تکمیل سے گرین پاکستان انیشیٹیو میں بلوچستان کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ،بلوچستان کے لوگوں کی طرف سے یقین دلاتاہوں کہ جس دہشتگردی سے بلوچستان متاثر ہورہاہے یہ ایک ٹولہ ہے ان کی تعداد بہت کم ہے جو بھارت کے کہنے پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،ہمارے بلوچ،پشتون معاشرے میں مسافروں ،خواتین اور بچوں کا بے حد احترام کیا جاتا ہے لیکن ہم کبھی کبھار شرمندہ ہوتے ہیں کہ یہ دہشتگرد ان قبائلی روایات کو روندتے ہیں اور بدقسمتی سے نام بلوچ کا دیتے ہیں ، ہم اس جرگے کے ذریعے اعلان کرناچاہتے ہیں کہ یہ لوگ صرف دہشتگرد ہیں ان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ، یہ صرف معصوم پاکستانیوں کو شہید کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی جرگے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ،وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603876

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں