دہشت گردوں کی سازش ناکام ہوکر رہے گی، وفاقی وزیر احسن اقبال

94

پشاور۔ 12 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقی کے عمل کو روکنے کی دہشت گردوں کی سازش ناکام ہوکر رہے گی. بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بولان میں دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے. انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت طاقتور دفاع کی ضمانت ہے.

وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان ایک قومی پروگرام ہے جو پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے لیے شروع کیا گیا ہے اور اس کی کامیابی کے لیے صوبوں کے تعاون کا خواہاں ہیں. وفاقی وزیر احسن اقبال نے صوبے کی ترقی میں خیبر پختونخوا حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرائی. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اگلے چند سالوں میں ہیپاٹائٹس سی، بچوں میں نشوونما میں کمی اور ذیابیطس کے خاتمے کےلیے پروگرام شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کے تعاون کی خواہاں ہے.

احسن اقبال نے پاکستان کی وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کےلیے خیبر پختونخوا کے معدنی اور سیاحتی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اس کے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا. انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات میں اختلاف کے باوجود ہم سب پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیے متحد ہیں. اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے.