پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):انسداد پولیو مہم سے قبل صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے حساس ترین علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز شروع کیے گئے جن کا مقصد دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کو روکنا اور ان کی موجودگی کا سراغ لگا کر انسداد پولیو مہم کو پُر امن اور کامیاب کرنا تھا۔
ان سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں ضلعی پولیس سمیت سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ نے بھی حصہ لیا۔ آپریشنز کے دوران صوبہ بھر میں قائم ناکہ بندیوں کے دوران 1446مشکوک گاڑیاں اور 2099 موٹر سائیکل چیک کیے گئے چیکنگ کے دوران مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 273 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔
سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں 2126 گھروں کی تلاشی کے دوران 876 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 32 اشتہاری مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں مختلف بور اور ساخت کے 289 عدد اسلحہ و ہتھیار سمیت 3494 کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے مشترکہ یہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز انسداد پولیو مہم کے دوران بھی جاری رہیں گے تاکہ دہشت گردوں کو کسی جگہ قدم جما کر کوئی مذموم حرکت کرنے کا موقع نہ ملے۔
اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ مملکت خداداد سے پولیو کا مکمل خاتمہ ایک بہت بڑا چیلنج اور اہم قومی فریضہ ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو مہم کو محفوظ اور کامیاب بنا کر نئی نسل کے پولیو سے پاک مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔
آئی جی پی نے پولیو مہم کے دوران پولیس کو مستعد اور چوکس ہو کر اپنی ڈیوٹی بطریق احسن انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو صوبے کو پولیو فری بنانے کے لیے اپنا کلیدی کردار کماحقہ ادا کرنا ہوگا تاکہ وطن عزیز کا شمار پولیو فری ملکوں میں ہو سکے۔ انہوں نے تمام ریجنل اور ضلعی افسران کو ان آپریشنز کو مزید تیز کرنے اور علاقے میں امن و امان کی دیرپا بحالی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586693