اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد ملک بھر میں ان کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں،جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع یا ان کی طرف سے کوئی کارروائی ہوتی ہے سیکورٹی فورسز فوری جواب دیتی ہیں۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اربوں ڈالر جھونکےجا چکے ہیں،دہشت گردوں کے خلاف کسی خاص علاقے میں کوئی نیا آپریشن نہیں ہورہا۔ان علاقوں کا انتخاب دہشت گرد کرتے ہیں کہ کس علاقہ میں نشانہ بنانا ہے ہماری سکیورٹی فورسز ان کے خلاف وہاں پر جوابی کارروائیاں کرتی ہیں اور انہیں جہنم واصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ دہشت گردی کی نئی لہر کی وجہ کیا ہے۔اس میں بیرونی ہاتھ ملوت ہے،یہ لوگ انڈیا کی پراکسی ہیں اور اسی وجہ سے جنگ ہوئی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے ملک میں چل رہی ہے۔جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں وہاں سیکورٹی فورسز کارروائیاں کرتی ہیں۔اس فرض کی ادائیگی کےدوران شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔