اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر دوہرا معیار اور سیاست نہیں ہونی چاہئے، سابق فاٹا اورپاٹا میں ٹیکس استثنیٰ میں توسیع پر وزیراعظم، وزیر خزانہ اور رانا ثناء اللہ کے مشکور ہیں۔
منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسوں کے حوالہ سے ایشو موجود تھا، 2018 میں ٹیکسوں میں چھوٹ کو 2023 تک توسیع دی گئی تھی، آج بھی وزیراعظم، وزیرخزانہ اور رانا ثناء اللہ سے ہماری میٹنگ ہوئی، آئی ایم ایف اور صنعت کاروں کی طرف سے دبائو کے باوجود وزیراعظم نے حالات کے تناظر میں سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسوں میں چھوٹ کی مدت میں جون 2024 تک توسیع کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ کسی کا ذاتی ایشو نہیں ہے، ہم وزیراعظم، وزیرخزانہ کے مشکورہیں، موجودہ حالات میں یہ ایک بہتر فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن عزم استحکام کے حوالہ سے وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے ایوان میں بات کی ہے، تمام اقدامات قوم کے اجتماعی فیصلہ کے مطابق کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا موجود تھے، قومی مفاد میں تمام فیصلے کئے گئے ہیں اورآئندہ بھی کئے جائیں گے، میری درخواست ہے کہ دہشت گردی پردوہرا معیار اورسیاست نہیں ہونی چاہئے کیونکہ میں نے خود اس کا سامنا کیا ہے۔