دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے،چین
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے،چین

مزید خبریں
بیجنگ۔21ستمبر (اے پی پی):چین نے پاکستان کے شہر کوہاٹ میں پولیس کیمپ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئےجاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سی جی ٹی این کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے پیر کو یومیہ پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ چین 18 ستمبر کو پاکستان کے شہر کوہاٹ میں پولیس کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی بنی نوع انسان کی مشترکہ دشمن ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ تمام ممالک کے مشترکہ مفادات کے عین مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور تمام ممالک سے اپیل کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کریں اور عالمی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں۔







