دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں ،کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سردار ایاز صادق

148

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بد امنی پھیلانے کی مکروہ کوشش کر رہے ہیں۔ بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کی ترقی اور امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔