دیرپا امن کے قیام کے لیے عالمی اتحاد، رواداری اور بات چیت ضروری ہے، امن انسانیت کی ترقی اور بہبود کے لیے ضروری ہے، قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کا عالمی یوم امن پر پیغام

90

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دیرپا امن کے قیام کے لیے عالمی اتحاد، رواداری اور بات چیت ضروری ہے، امن انسانیت کی ترقی اور بہبود کے لیے ضروری ہے اور تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے سفارت کاری کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوموں اور رہنمائوں کو تنازعات پر بات چیت اور افہام و تفہیم کو ترجیح دینی چاہیے، تشدد کے ذریعے امن حاصل نہیں کیا جا سکتا، اسے باہمی احترام، تعاون اور انصاف کے عزم کے ذریعے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کو برقرار رکھے اور مساوات کو فروغ دے، کیونکہ یہ اصول ایک پرامن دنیا کی تعمیر کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن جنگ سے اہم ہے، یہ ہم آہنگی، انصاف اور تنوع کے احترام کی موجودگی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ان اقدار کو اپنانے سے ہم ایک ایسی دنیا بنانے کی امید کر سکتے ہیں جہاں آنے والی نسلیں امن اور سلامتی کے ساتھ ترقی کر سکیں۔سپیکر نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کی وکالت کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل فلسطینی علاقوں پر ناجائز قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے اور کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کی وکالت کر رہا ہے، ان کی منفرد اور جغرافیائی شناخت چھین لی گئی ہے۔

سپیکر نے فلسطینی اور کشمیری عوام کے ساتھ ناانصافیوں اور جدوجہد کی طرف عالمی توجہ کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے اور یہ عالمی برادری پر فرض ہے کہ وہ ان کی امنگوں کی حمایت کرے۔ سپیکر نے تمام اقوام پر زور دیا کہ وہ امن اور انصاف کے حصول میں متحد ہو جائیں۔ سپیکر نے کہا کہ اس عالمی یوم امن پر آئیے ہم تنازعات کے خاتمے، انسانی حقوق کو برقرار رکھنے اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

سپیکر نے تمام اقوام پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی امن معاہدوں کے حوالے سے اپنے وعدوں کا احترام کریں اور عالمی استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے جاری تنازعات کے حل کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ ہر سطح پر قیام امن کی سرگرمیوں میں حصہ لیں، یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ امن کی ذمہ داری ہر فرد پر عائد ہوتی ہے۔قومی اسمبلی کے سپیکر نے ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی امید کا اظہار کیا جہاں رواداری اور اتحاد کے اصول انسانیت کو ایک بہتر کل کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔