ہری پور۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ گدو بیراج میں ہفتہ اور اتوارکی درمیانی شب 11 بجکر 50 منٹ پر فالٹ آیا جس سے پورے ملک میں بلیک آؤٹ ہوا، الحمد اللہ ہم نے پانچ سے چھ گھنٹوں کے اندر فالٹ کو نہ صرف ٹریس کیا بلکہ دور کر کے بجلی بحال کر دی اور خود نیشنل پاور کنٹرول سنٹر میں بجلی بحالی تک موجود رہا۔ وہ گذشتہ روز دو کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے گھیڑیاں تا پنڈ خان خیل سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے افتتاحی تقریب کے موقع پر والہانہ استقبال پر مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے اس موقع پر مذکورہ ویلج کونسل کیلئے سوئی گیس منصوبہ کی جلد تکمیل کی یقین دہانی بھی کرائی جس کیلئے انہوں نے 6 کروڑ روپے کی خطیر فنڈنگ منظور کی ہے جبکہ سوئی گیس کی مین لائنیں مکمل ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے ضلع ہری پور کے مختلف علاقہ جات میں بجلی و سوئی گیس کے میگا منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ٹی آئی پی کو این آر ٹی سی کے حوالہ کر کے جلد فعال کرنے کے حوالہ سے بھی بات کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تربیلا لارنس پور سڑک کی ازسرنو تعمیر کیلئے ایک ارب 80 کروڑ جبکہ کھلابٹ، کانگڑہ کالونی اور غازی کی مختلف اندورنی سڑکوں کیلئے 80 کروڑ روپے کی فنڈنگ کی جن کے ٹینڈر بھی ہو چکے ہیں اور ان پر جلد کام کا آغاز ہو گا۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نصیب ہو رہی ہیں، انشاء اللہ حالیہ دور میں نہ صرف عوامی محرمیوں کا خاتمہ یقینی بنا رہے ہیں بلکہ دیرپا بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ مقامی سیاسی و سماجی شخصیت ادریس خان نے اس موقع پر سڑک کی تعمیر کیلئے خطیر فنڈنگ کرنے سمیت بجلی سکیموں اور گیس کی جلد فراہمی کی یقین دہانی پر عوامی قائد عمر ایوب خان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی عملی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔