لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور نے فلاحی تنظیم برگد کے تعاون سے جوائنٹ سوشل اینڈ کلچرل ایکشن فار انکلوسیو سوسائٹی منصوبے کے تحت مقامی ہوٹل کی چھت پر ایک دیوالی کی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمان خصوصی جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا عاشر،سی ای او برگد صبیحہ شاہین،نمائندگان ہندو،مسیحی،سکھ ،مسلم کمیونٹی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برگد کی سی ای او صبیحہ شاہین نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور اس اجتماع کا مقصد ہندو برادری کے لیے یکجہتی، امن اور محبت کو فروغ دینا بتایا۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ دیوالی محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے جو ہمیں مختلف کمیونٹیوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی اہمیت کی یاد دلاتی ہے۔انہوں نے اس تہوار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی احترام اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینے پر زور دیا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ روز پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر دیوالی کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے سنگ منایا گیا اور تقریب میں ممبران پنجاب اسمبلی اور متعدد نمایاں شخصیات نے شرکت کی تاکہ دنیا بھر میں ایک واضح پیغام جائے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم ایک دوسرے کی خوشیوں اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
تقریب سے سونیا عاشر نے کہاکہ دیوالی کے بعد بھی بہت سے اہم تہوار آ رہے ہیں اور ان کو بھی اسی طرح مکمل جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ دیوالی کی خوشیوں میں امن اور محبت کو فروغ دیں۔مقررین نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات سے آپس میں بھائی چارہ اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکتا ہے تاہم محکمہ انسانی حقوق اور برگد کے ایسے اقدامات ہمیشہ سے انٹر فیتھ اور امن و محبت کے پیغامِ کو پھیلانے میں سازگار رہے ہیں ۔تقریب میں امن کا دیا جلایا گیا اور دیوالی کی مناسبت سے ایک کیک بھی کاٹا گیا ۔