دیہی علاقوں میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے، موبائل یونٹ دور دراز علاقوں میں صحت کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہونگے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

235
دیہی علاقوں میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے، موبائل یونٹ دور دراز علاقوں میں صحت کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہونگے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے، موبائل یونٹ دور دراز علاقوں میں صحت کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہونگے، ہر طبقے کو اپنی ذات سے بالا تر ہوکر ملک کے لئے سوچنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیو ماڈل سٹیٹ آف دی آرٹ بنیادی مرکز صحت گولڑہ شریف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں سیاست کی بجائے لوگوں کی فلاح وبہبود پر توجہ دینا چاہئے،ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمیں اپنی ذات سے بالا تر ہوکرملک کیلئے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اسی وقت تک ہوتی ہے جب تک ملک ہے اگرملک ہی نہیں ہوگا تو سیاست کہاں کریں گے ، وطن کی اہمیت اسی کو ہوتی ہے جو وطن سے دور رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توڑ پھوڑ کی بجائے مثبت سیاست کرنا ہے، اختلاف ہوسکتا ہے لیکن دشمنی نہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت صحت کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، بچوں اورخواتین کو ان مراکز میں صحت کے ماہرین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہماری حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے ، موبائل یونٹ دور دراز علاقوں میں صحت کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ اس یہ مرکز صحت مقامی آبادی کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے ، یہ مرکز صحت دو سے اڑھائی لاکھ سے زائد آبادی کو صحت کی سہولیات فراہم کرے گا،اس مرکز کی تعمیر پر کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، بنیادی مرکز صحت میں زنانہ، زچہ بچہ، ویکسین اور فیملی پلاننگ کی سہولیات دستیاب ہونگی، مرکز میں تقریباً 200 سے زائد افراد روزانہ علاج کروا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت کو مکمل فعال کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے، عوام کوبی ایچ یو اورآر ایچ یو کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں جبکہ بنیادی مرکز صحت کو بھی جدید خطوط پر استوارکیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت کے فعال ہونے سے وفاقی سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔