دی ایجوکیٹرز راولپنڈی کے زیراہتمام طلبہ کے درمیان میتھ کوئزمقابلے کا انعقاد

155
Math Quiz Competitions

راولپنڈی ۔31مئی (اے پی پی):دی ایجوکیٹرز راولپنڈی کے زیراہتمام جمعہ کو طلبہ کے درمیان میتھ کوئزمقابلے کا انعقاد کیا گیا۔مقابلے کا مقصد طلبہ میں ریاضی کے مضمون میں دلچسپی بڑھاناتھا۔مقابلے میں مختلف کلاسوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنی ریاضی کی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔

دی ایجوکیٹرز کے ڈائریکٹر امتیاز رفیع بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے میں نہ صرف مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان کے اندر تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقابلے میں طلبہ کی دلچسپی اور شوق کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیٹرز بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے فارغ التحصیل بچے اعلیٰ تعلیم کے ممتاز اداروں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر دی ایجوکیٹرز کے ڈائریکٹر امتیاز رفیع بٹ نے جیتنے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے اپنی طرف سے بھی مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچوں کو پانچ پانچ ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔مقابلے میں طلب علموں کے والدین سے بھی ریاضی کے سوالات پوچھے گئے اور درست جواب دینے پر انہیں بھی انعام سے نوازا گیا۔ والدین نے بھی سکول کی طرف سے مقابلے کے انعقاد کو سراہا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ دی ایجوکیٹرز کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کا انعقاد کرتے رہیں گے تاکہ طلبہ کی مجموعی نشوونما میں اضافہ ہو۔