گوجرانوالہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی،چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات اورڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ فیاض احمد موہل کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شبیرحسین بٹ کاسبزی وفروٹ منڈی کادورہ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شبیرحسین بٹ نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پرمنڈی کی مانیٹرنگ کا مقصد عام مارکیٹ میں پھلوں اورسبزیوں کے نرخ کنٹرول کرنا ہے،اس مقصد کیلئے بھرپوراقدامات کیے جا رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
دورہ کے موقع پر انہوں نے پھلوں اورسبزیوں کی نیلامی/بولی کے عمل کا جائزہ لیا اور پھلوں اورسبزیوں کی طلب اور رسد کے حوالے سے مارکیٹ کمیٹی حکام سے بریفنگ لی۔ انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو چیک کیا اور تمام ریڑھیوں، دوکانوں اور پھٹریہ شاپس پر بڑے سائز میں نرخ نامے آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے صفائی ستھرائی اقدامات پر کہا کہ صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ای اے ڈی اے مارکیٹ کمیٹی اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ از خود روزانہ کی بنیاد پر منڈی کا دورہ کریں، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین، بولی کے عمل سمیت اشیاء کے معیار اور ارزاں نرخوں پر خرید و فروخت کو یقینی بنائیں.
انہوں نے جی ڈبلیو ایم سی کے عملہ وافسران کو ہدایت کی ہے کہ سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنائیں جائیں۔دورہ کے موقع پر ای اے ڈی اے مارکیٹ کمیٹی محمد عمران اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، مینجر آپریشن گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی چوہدری سکندرسمیت دیگر ان کے ہمراہ تھے۔