راولپنڈی ۔17 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی ہدایات پر ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے۔حکومتی احکامات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس چوہدری محمد جبار نے ٹیم کے ہمراہ تھانہ گنج منڈی کے علاقے میں ہول سیل ڈیلرز کے تین گوداموں پر چھاپا مارا اور ذخیرہ کی گئی چینی، چاول اور دالیں برآمد کر لیں۔
ان گودموں سے چینی کے تقریباً 900 تھیلے، چاول کے 3500 تھیلے اور دال کے 2000 تھیلے برآمد کیے گئے۔ اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے فوری طور پرتینوں گوداموں کو سیل کر دیا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ سٹاک ضلعی انتظامیہ کے پاس ڈکلیئر نہیں کیا گیا تھا۔ مجرموں کو جرمانے یا مزید سزا کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔