اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم تکبیر کے موقع پر ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے سائنسدانوں، انجینئرز، مسلح افواج اور دور اندیش سیاسی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، بالخصوص پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِاعظم قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے عالمی دباؤ اور مخالفت کے باوجود پاکستان کے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔
پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر صرف فخر کا دن نہیں بلکہ ہماری قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی علامت ہے کہ ہم اپنی خودمختاری، وقار اور مستقبل کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب ایک قوم متحد ہو، اس کی قیادت دوراندیش ہو، سائنسی برتری سے مضبوط ہو اور اپنی بہادر افواج کی حفاظت میں ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے اور اپنے مقدر کو وقار اور قوت کے ساتھ اپنی تقدیر خود لکھ سکتی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دور اندیشی اور بے مثال جرأت تھی جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا خواب پورا کر دکھایا اور اس کے لئے عملی بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے ادوارِ حکومت میں دانائی اور بصیرت کے ساتھ جوہری پروگرام کو محفوظ رکھا اور اس کی پیشرفت کو یقینی بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایٹمی دفاع ان شہداء کی امانت اور ان کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے ایک مضبوط ڈھال ہے، ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ اس کے پیچھے کتنی جدوجہد اور قربانیاں ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ایک مضبوط، خوددار اور محفوظ پاکستان کے لئے کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی، نہ صرف عسکری طاقت میں بلکہ معیشت، جمہوریت اور سماجی انصاف کے محاذ پر بھی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر کے دن پر آئیے اپنے بانی اجداد کے خوابوں کی تکمیل کے عہد کی تجدید کریں اور ہم سب مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جو امن، ترقی اور عوام کی امیدوں کا حقیقی عکس ہو۔