ذکا اشرف کی پاکستان شاہینز کو ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر مبارک باد

139

لاہور۔ 23 جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کی پاکستان شاہینز کو ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان شاہینز نے فائنل میں انڈیا اے کو کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا۔ تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہینز ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کی کسی ٹیم سے مقابلہ کرسکتی ہے ۔امید ہے یہ جیت مستقبل کے لیے ٹیم کو مزید حوصلہ فراہم کرے گی ،پاکستان شاہینز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے مسلسل مواقع فراہم کرتے رہیں گے ،ایمرجنگ ایشیا کپ کی جیت سے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں بھی کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے گا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ ایشیا کپ بھی سری لنکا میں ہے اور ہم سب کی نیک تمنائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔خوشی ہے کہ سری لنکا میں پاکستانی ٹیم نے پاکستان شاہینز کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ تجربات شیئر کیے۔ اسوقت پاکستانی ٹیم میں زبردست ہم آہنگی ہے۔