کوئٹہ۔ 02 جون (اے پی پی):وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کاوشوں سے بین الاقوامی شہرت یافتہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے دروازے اعلی تعلیم کے متلاشی بلوچستان کے لائق طالب علموں کے لئے کھل گئے، بینظیر اسکالرشپ پروگرام کے لئے آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور حکومت بلوچستان کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط کردئیے گئے، آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں تعلیم نسواں کے لئے سرگرم نوبل انعام یافتہ پاکستان کی عالمی سفیر ملالہ یوسفزئی نے وزیر اعلٰی بلوچستان کے تعلیم دوست اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے صوبے میں تعلیم کی ترقی و ترویج میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے لیڈی مارگریٹ ہال میں باہمی یاداشت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے ذہین طالب علموں کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں حصول تعلیم کے لئے بینظیر سکالر شپ کے تحت مکمل مالی معاونت فراہم کرے گی، ہمیں فخر ہے بلوچستان کا غریب طالب علم وہاں تعلیم حاصل کرے گا جہاں شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو سمیت بیشتر عظیم ہستیوں نے تعلیم حاصل کی، آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب میں ملالہ یوسفزئی ، سینٹر انوارالحق کاکڑ، عامر ابراہیم ، محمد خیشگی، فاروق شیخ ، پروفیسر کمال منیر سمیت 150 مندوبین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جمہوریت اقدار کے فروغ اور سماجی و معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں تعلیم کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تحت بلوچستان کے طالب علموں کی اعلٰی تعلیمی مواقعوں تک رسائی بینظیر بھٹو کی دور اندیش قیادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کڑی ہے۔ حکومت بلوچستان چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی رہنمائی میں صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیمی ترقی ، ذہنی بالیدگی اور انہیں معاشی طور بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔
بینظیر بھٹو اسکالرشپ اس مشن پر عمل درآمد کی کڑی ہے۔ وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی سطح کے اقدامات کے ساتھ ساتھ دنیا کی 200 بہترین جامعات میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام متعارف کرانے جیسے عالمی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے صوبہ بلوچستان کے ہونہار طلباء کو دنیا بھر میں حصول تعلیم کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
قبل ازیں آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور حکومت بلوچستان کے مابین بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے لئے باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط ہوئے ۔پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بلوچستان عمران خان زرکون نے صوبائی حکومت کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کئے ۔آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے حکام نے صوبائی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام کو سراہتے ہوئے جدید تعلیم کے فروغ کیلئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔