کراچی۔8نومبر (اے پی پی):رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے کراچی میں منعقدہ تبدیلی کمان کی تقریب کے دوران بطورکمانڈر کوسٹ منصب سنبھال لیا۔ تقریب میں وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے نئے آنے والے کمانڈر کوسٹ کو کمان سونپی۔ کمانڈ سنبھالنے کے بعد رئیر ایڈمرل جاوید اقبال پاکستان بحریہ کی تمام کوسٹل یونٹس کے کمانڈر ہیں۔ پاک بحریہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے 1990 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا ۔
اپنے شاندار کیرئیر کے دوران وہ کمانڈ اور اسٹاف کی متعدد تقرریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں سی کنگ ہیلی کاپٹرا سکواڈرن اور کمانڈنگ آفیسر نیول ایوی ایشن بیس پی این ایس مہران شامل ہیں۔ ان کی اسٹاف تقرریوں میں ہیڈکوارٹر فوسٹ میں کیپٹن ٹریننگ (ایوی ایشن)، ڈائریکٹر نیول آپریشن پلانز، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (پلانز)، پرنسپل سیکریٹری چیف آف دی نیول اسٹاف اور نیول سیکریٹری شامل ہیں۔
ریئرایڈمرل جاوید اقبال وزارت دفاعی پیداوار میں ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس پرچیز اور نئی دہلی، ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں نیول اور ائیر ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
رئیر ایڈمرل ایڈمرل جاوید اقبال پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور نیول اسٹاف کالج امریکہ سے فارغ التحصیل ہیں۔رئیرایڈمرل جاوید اقبال کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔تبدیلی ِکمانڈ کی تقریب کے دوران، نئے کمانڈر کوسٹ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور زیر ِکمان یونٹس کے کمانڈنٹ/کمانڈنگ آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور نیوی سویلینز نے شرکت کی۔