رائز پروگرام سے پاکستان میں مالیاتی انتظام وانصرام وشفافیت کوفروغ دینے، نجی شعبہ کی بڑھوتری اورماحول دوست توانائی کی پیداوارمیں اضافہ میں مدد ملے گی، عالمی بینک

54

اسلام آباد ۔ 30جولائی (اے پی پی) عالمی بینک نے کہا ہے کہ رائز پروگرام سے پاکستان میں مالیاتی انتظام وانصرام کوبہتربنانے، شفافیت کوفروغ دینے، نجی شعبہ کی بڑھوتری اورماحول دوست توانائی کی پیداوارمیں اضافہ میں مدد ملےگی۔یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگوپیچوموتو نے ٹوئٹرپرجاری پیغام میں کہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رائز پروگرام سے حکومت کو میکرواکنامک استحکام،اصلاحات کے عمل کوتیزکرنے اورمضبوط ومسابقتی معیشت کو فروغ دینے میں مدد ملےگی۔عالمی بینک کے انتظامی بورڈ نے جون 2020ءمیں پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالرکے اس پروگرام کی منظوری دی تھی۔انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کے پروگرام سے ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، قرضوں کے انتظام وانصرام اورشفافیت، ماحول دوست توانائی کی پیداوار،ڈیجیٹل ادائیگیوں اورنجی سرمایہ کاری کوفروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرصحت عامہ ، سماجی تحفظ اورکاروبارکی معاونت کیلئے اخراجات کئے ہیں جس کی وجہ سے ملک کووڈ۔ 19 کے اقتصادی اثرات سے متاثرہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کی معاونت سے پاکستان کو کووڈ۔ 19 کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔