رائس ایکسپورٹرز کا ملکی معیشت مضبوط کرنے میں اہم کردار ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

150

لاہور۔27ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ رائس ایکسپورٹرز کا ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ہے، مشکل ترین حالات میں برآمدات کو بڑھانا بہت بڑی کامیابی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیر سید ناظم حسین شاہ، علی حسام اصغر، میاں مصباح الرحمان،چوہدری اصغر گل سمیت رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ آج ان شخصیات کے درمیان موجود ہیں جو دن رات محنت کرکے زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں اور اس کام کیلئے بلاشبہ وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری دنیا میں معیشت دبائو کا شکار اور ہمیں اس وقت ایک ایک ڈالر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی ، آپ جیسے مخیر حضرات کی وجہ سے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں تاجر اور صنعتکار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ ہمارا تاجر اور صنعتکار طبقہ ملک کی خوشحالی کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ رائس ایکسپورٹرز کی مشاورت سے جو قانون سازی کر سکتے ہیں کریں گے۔