رائل پام کا فیصلہ ریلوے کی تاریخ کا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے قبضہ مافیا کو واضح پیغام جاتا ہے، شیخ رشید احمد

184

لاہور۔30 جون(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی سربراہی میں ریلوے میوگارڈنز لاہورمیں چھٹی کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ریلوے کے تمام اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رائل پام کنٹری کلب کے تفصیلی فیصلے کی روشنی میں ایک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی سیکرٹری / چیئرمین ریلویز سکندر سلطان راجہ کریں گے دیگر ممبران میں چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل اعجاز احمد برڑو، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر دوست علی لغاری، ممبر فنانس منظور اختر، انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس واجد ضیائ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور میاں عامرنثار اور ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ہیں۔ یہ کمیٹی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں رائل پام کے معاملات کو دیکھے گی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ رائل پام کنٹری کلب پر تشکیل دی گئی 9 رکنی کمیٹی 90 دن کے اندر اندر انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرے گی یہ ایسا ٹینڈر ہوگا جس کو دنیا دیکھے گی۔انہوں نے کہا کہ رائل پام کا فیصلہ ریلوے کی تاریخ کا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے باقی قبضہ مافیا کو بھی ایک واضح پیغام جاتا ہے کہ ریلوے اپنی زمین پر کسی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کرے گا۔ ریلوے کی یہ مذکورہ کمیٹی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رائل پام کا قبضہ فرگوسن کمپنی سے 7 دن کے اندر حاصل کرے گی۔ فرگوسن کمپنی اور پاکستان ریلوے ہر طرح کے فرانزک آڈٹ کے لیے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کو مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کلب کی سرگرمیاں معمول کے مطابق چلیں گی کسی کی ممبر شپ کو کینسل نہیں کیا جائے گا۔