رائٹ سائز نگ کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، ریونیو ڈویژن اور وزارت برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے پریذنٹیشنز دی گئیں

83

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):رائٹ سائز نگ کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈیووس، سوئٹزرلینڈ سے وڈیو لنک کے ذریعہ کی۔ اجلاس میں ریونیو ڈویژن اور وزارت برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے ان کے دائرہ کار، تنظیمی ڈھانچے، بجٹ مختص، اخراجات، اور عوامی خدمات پر اثرات پر تفصیلی پریذنٹیشنز دی گئیں ۔ریونیو ڈویژن کی پریزنٹیشن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹرانسفارمیشن پلان کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، خاص طور پر کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کو جدید بنانے کے لئے کی گئی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔

یہ ٹرانسفارمیشن پلان 19 ستمبر 2024 کو وزیرِاعظم کی منظوری سے نافذ کیا گیا، جس کا مقصد آپریشنز میں بہتری لانا ہے، بشمول فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ ایند ایگزامینیشن جیسے آٹومیشن اور تکنیکی انضمام کے اقدامات شامل تھے۔کمیٹی کو ریونیو ڈویژن کی جانب سے آپریشنز کوبلاتعطل جاری رکھنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جن میں گریڈ 18 اورنیچے کی 158 آسامیوں کا خاتمہ اور گریڈ 16 سے گریڈ 20 تک کی 27 آسامیوں کو ’’ڈائنگ پوسٹس ‘‘قرار دینا شامل ہے، جو 27 اگست 2024 کے کابینہ کے فیصلے کا حصہ ہے۔

ایف بی آر کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر، ریونیو ڈویژن نے اپنے فیلڈ فارمیشنز میں 60 فیصد خالی آسامیوں کے خاتمے کی شرط سے ایک بار کی چھوٹ کی تجویز پیش کی۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایف بی آر کو درپیش طویل مدتی سرمایہ کاری کی کمی کے چیلنجز کو تسلیم کیا اور آپریشنز میں بہتری اور خدمات کی فراہمی کے لیے آٹومیشن جیسے جدید تکنیکی نظام اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزارت برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ نے بھی اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی، جو مختلف محکموں میں اور ایک ہی کام کے لئے مختلف محکموں پر محیط تھی ۔

وزیر خزانہ نے کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کو ریونیو ڈویژن اور وزارت برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ کے ڈھانچے، فعال اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ یہ ذیلی کمیٹی دونوں اداروں کے ساتھ مشاورت کرے گی تاکہ عوامی خدمات کے نتائج کو بہتر بنانے کے مواقع کی نشاندہی کی جا سکے، جو کمیٹی کے دائرہ کار کے مطابق ہوں۔