لاہور۔10نومبر (اے پی پی):رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اتوار کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔مولانا ابرا ہیم دیولہ نے اختتامی دعا کروائی۔
ترجمان کے مطابق اجتماع کے پہلے روز جمعرات7نومبر کو بعد نماز عصر مولانا نذر الرحمن اوربعد نماز مغرب مولانا ابراہیم دیولہ نے خطاب کیا،8نومبر بروز جمعہ بعد نماز فجر مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش ،بعد نماز جمعہ مولانا اسماعیل گودرہ،بعد نماز عصر مولانا فاروق اوربعد نماز مغرب مولانا احمد لاڈ نے خطاب کیا ،9نومبر ہفتہ بعد نماز فجر مولانا عبد الرحمن بمب،بعد نماز ظہر بھائی فاروق بنگلور ،بعد نماز عصر مولانا زہیر الحسن اوربعد نماز مغرب مولانا ابراہیم دیولہ نے خطاب کیا۔
اجتماع کے آخری روز بعد ازنماز فجر ہدایت مولانا عبیداللہ خورشید نے کی اور ابراہیم دیولہ نے دعا کروائی ۔ اس موقع پر علما نے دنیاوی زندگی میں کامیابی کیلئے اسوہ حسنہ اورقرانی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔اس موقع پر علما نے رجوع الی اللہ ،اتحاد امت اور فکر آخرت پر زور دیا۔
مولانا ابراہیم دیولہ نے امت مسلمہ ،فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی سمیت پاکستان میں امن وسلامتی اور خوشحالی کی بھی دعا کی،ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی اجتماع کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
پہلے مرحلے میں لاہور ، پشاور ، ملتان اور کوئٹہ ڈویژن کے علاوہ بیرون ممالک سے لاکھوں مندوبین اور علما کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اسی طرح اجتماع کے دوسرے مرحلے میں بھی فیصل آباد ، سوات ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی ڈویژن کے علاوہ بیرون ملک سے لاکھوں مندوبین ،علما اوراحباب شریک ہوئے۔