اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی نے ملک کے سرد اور پسماندہ علاقوں میں شدید سردی سے متاثرہ مستحق افراد کیلئے 20 ٹرکوں پر مشتمل سامان بھجوایا ہے جس میں بڑی تعداد میں خوراک اور 7 ہزار کمبل شامل ہیں۔ یہ اقدام رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے موسم سرما کے ریلیف پیکیج کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے مستحق عوام کی ہر ممکن مدد کی جا سکے۔ موسم سرما کے پیکیج کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ نور الحق قادری نے کہا کہ اس امدادی پیکیج سے موسم سرما کے دوران غریب افراد کو کافی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دنیا بھر میں رہنے والے مستحق اور نادار افراد کیلئے امید کی ایک کرن ہے۔ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سید المالکی اور مسلم لیگ ورلڈ کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔