ڈیرہ غازی خان۔ 18 فروری (اے پی پی):راجن پور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک330 کلومیٹر فور لین سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد 20 فروری رکھا جائے گا منصوبے پر 11 ارب 38 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اس حوالے سے اہم کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبہ میں 11 بائی پاس روڈ شامل ہیں اور رواں سال جون میں تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
اس منصوبے کو دو سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ راجن پور سے ڈیرہ غازی خان تک 121 کلومیٹر روڈ، جس میں 62 کلومیٹر کے فور لین چھ بائی پاسز بھی تعمیر کئے جائیں گے۔راجنپور،فاضل پور، محمد پور، جام پور مانہ احمدانی اور کوٹ چھٹہ ڈیرہ غازی خان بائی پاسز شامل ہیں اسی طرح ڈیرہ غازی خان سے ڈیرہ اسماعیل خان تک پانچ بائی پاس بھی تعمیر کئے جائیں گے جن میں شاہ صدردین،کالا،شادن لنڈ اور رمک شامل ہیں۔واضح رہے کہ منصوبے کی افتتاحی تقریب وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری کے حلقہ انتخاب تحصیل کوٹ چھٹہ میں دن 11 بجے شروع ہو گی
اس حوالے ضلعی انتظامیہ کی طرف سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔