راجکوٹ۔15فروری (اے پی پی):بھارت نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی ، کپتان روہت شرما اور رویندرا جدیجا نے شاندار سنچریاں سکور کیں، سرفراز خان نے نصف سنچری سکور کی، انگلش فاسٹ بائولر مارک ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جمعرات کو سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم راجکوٹ میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، بھارت نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات سے دوچار ہوگئی جب اس 33 کے مجموعی سکور پر اس کے تین مستند بلے باز پویلین لوٹ گئے،
اوپنر یاشاسوی جیسوال 10رنز ، شبمن گل صفر اور رجت پاٹیدار 5 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے ، اس موقع پر کپتان روہت شرما اور آل رائونڈر رویندرا جدیجا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر محفوظ مقام تک پہنچا دیا،
دونوں بیٹرز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 204 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 237 رنز تک پہنچایا، کپتان روہت شرما 131 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو رویندرا جدیجا نے دوسرے اینڈ پر سکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، نوجوان کرکٹر سرفراز خان نے جدیجا کا بھرپور ساتھ دیا،
بھارت کی پانچویں وکٹ 315 رنز پر گری جب سرفراز خان 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، اس دوران رویندرا جدیجا نے اپنی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر جدیجا 110 اور کلدیپ یادیو ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ بھارت نے 86 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی اور اس کی اننگز جاری ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے 3 اور ٹام ہارٹلے نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک بھارتی بلے باز رن آئوٹ ہوا۔