لاہور۔3فروری (اے پی پی):وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزرا رائے تیمور بھٹی، حافظ ممتاز احمد اور متعلقہ سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کی منظوری دے دی۔
اس فیصلے سے روڈا کو سعودی سرمایہ کار کے ساتھ انڈسٹریل زون ٹو اے اور تھری اے میں سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ کابینہ کمیٹی نے شہریوں کی سہولت کیلئے گاڑیوں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس اور رجسٹریشن دستاویز بذریعہ ڈاک گھر پہنچانے کے لئے محکمہ ایکسائز کو پاکستان پوسٹ کے ساتھ معاہدہ کرنے کی بھی اجازت دی۔ اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن کی ٹرانسفر پالیسی اور گلگت بلتستان کو 15 ہزار میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ محمد بشارت راجہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گندم کی فروخت سے پنجاب کیلئے مختص ریزروز پر فرق نہیں پڑے گا۔
کابینہ کمیٹی نے اجلاس میں پنجاب ایکوا کلچر ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایکٹ 2021 کا جائزہ لیا اور منظوری دی۔ محکمہ تعلیم کو بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے گھر گھر سروے میں معاونت کی اجازت اور محکمہ اطلاعات ثقافت کے ادارے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر پلاک میں گریڈ 19 پر ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293565