راجہ پرویز اشرف سے متاثرین ددہوچھہ ڈیم کی ملاقات، مسائل سے آگا ہ کیا،سیلابی پانی کی نکاسی جلد کی جائے ، ڈپٹی کمشنر کو ہدایات

15

کلرسیداں، 02 جولائی (اے پی پی):سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف سے ددہوچھہ ڈیم کے متاثرین نے وفد کی صورت میں ملاقات کی۔ متاثرین نے راجہ پرویز اشرف کو بتایا کہ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے زیر تعمیر ڈیم کے ساتھ والے دیہات زیر آب آگئے ہیں جہاں پانی کی نکاسی کا تا حال کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو فون کرکے عوامی مشکلات کا بتاتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پانی کی نکاسی کا جلد حل کیا جائے

اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیئے معقول منصوبہ بندی کرکے فوری اقدامات کیئے جائیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی متاثرین کے وفد نے ملاقات کی تھی تو راجہ پرویز اشرف ممبر ریونیو بورڈ کو کیس ریفر کیا تھا۔ کوآرڈینیٹر سابق وزیراعظم نمبردار چوہدری تصور حسین نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف ہمہ وقت اہلیان علاقہ کو دستیاب رہتے ہوئے علاقائی مسائل کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کرتے ہیں حالیہ شدید بارشوں کے سیلابی پانی یا قبل ازیں مالی معاملات پر ممبر ریونیو بورڈ کو فوری طور پر ہدایات جاری کرنے پر اہلیان علاقہ نے راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا۔