اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیر کے روز گوجر خان میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پوٹھوہار پریس کلب کے سینئر ممبرز اور نامور صحافی سخاوت حسین مغل اور شیخ صلاح الدین کے نماز جنازے میں شرکت کی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے سخاوت حسین مغل اور شیخ صلاح الدین کو ٹریفک حادثے جان بحق ہونے پر گہرے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے نامور صحافی سخاوت حسین مغل اور شیخ صلاح الدین کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم صحافیوں کی ناگہانی وفات شعبہ صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے جسے تادیر پورا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مرحومین کے اہلخانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ المناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار جانے والے سخاوت حسین مغل اور شیخ صلاح الدین کی وفات سے گوجر خان کی فضاء سوگوار ہے،رنج اور غم کی اس مشکل گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سخاوت حسین مغل اور شیخ صلاح الدین کی وفات ان کے اہلخانہ کے لیے بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندانوں سے دلی یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔