رافیل نڈال 2023 کا آغاز آسٹریلیا میں یونائیٹڈ کپ سے کریں گے

117
رافیل نڈال 2023 کا آغاز آسٹریلیا میں یونائیٹڈ کپ سے کریں گے

سڈنی۔10نومبر (اے پی پی):سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال اور پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور خواتین کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ سیڈڈایگا سویٹیک اپنے 2023 کے سیزن کا آغاز آسٹریلیا میں یونائیٹڈ کپ سے کریں گے۔ یونائیٹڈ کپ ایک نیا ٹینس ایونٹ ہےجس میں 15 ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

یونائیٹڈ کپ نے مردوں کے اے ٹی پی کپ کی جگہ لی ہے اور یہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے قبل آسٹریلیا کے تین مشہور شہروں برسبین، پرتھ اور سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ دنیائے ٹینس کے 18 ممالک کے کھلاڑی 29 دسمبر سے 11 دن تک کے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ ہر ٹیم میں چار مرد اور چار خواتین کھلاڑی شامل ہوں گے جو ایونٹ سے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 500 ڈبلیو ٹی اے اور 500 اے ٹی پی رینکنگ پوائنٹس حاصل کر سکیں گے ۔

ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر اسٹیفن فیرو نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ کپ ایونٹ کے حوالے سے مختلف ممالک کے گروپ کھلاڑی بہت پرجوش ہیں جس کی تصدیق ان کھلاڑیوں کے اعلی معیار اور صلاحیت سے ہوتی ہے جنہوں نے ایونٹ میں شرکت کا عزم کیا ہے۔ڈائریکٹر اسٹیفن فیرو نے مزید کہا کہ اب ہم ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور کانٹے دار میچوں سے تفریحی ٹینس ایونٹ کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپانوی عالمی نمبر دو اور 22 بار کے گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح اور دفاعی آسٹریلین اوپن چیمپئن رافیل نڈال اور خواتین میں پاؤلا بدوسا سپین کی ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن ہسپانوی عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز ایونٹ میں حصہ نہیں لیں گے۔

خواتین کے مقابلوں میں ٹاپ رینکڈپائولش کھلاری ایگا سویٹیک اور ہیوبرٹ ہرکاز پولینڈ کی قیادت کریں گے ۔ عالمی نمبر تین جیسیکا پیگولا امریکا کی ٹیم میں شامل ہیں جس میں میڈیسن کیز، ٹیلر فرٹز اور فرانسس ٹیافو بھی شامل ہیں۔کیرولین گارسیا، جو حالیہ سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز جیتنے کے لیے آرینا سبالینکا کو شکست دے کر فاتح قرار پائی ہیں، فرانس کی نمائندگی کریں گی ۔