رام اللہ ۔20جنوری (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس سے رام اللہ میں سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے ملاقات کی ہے۔عرب نیوز کے مطابق صدر محمود عباس نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر دفتر کے دورے کے دوران سعودی سفیر کو سٹار آف القدس میڈل سے نوازا ہے۔نایف بن بندر السدیری کو 1948کے بعد پہلی مرتبہ اگست 2023 میں فلسطین میں پہلے غیرمقیم سفیر اور یروشلم کا قونصل جنرل مقرر کیا گیا تھا۔
گزشتہ برس ستمبر میں غیرمقیم سعودی سفیر نے رام اللہ میں فلسطینی صدر کو اسناد سفارت پیش کی تھیں۔صدر محمود عباس نے سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران شاہ سلمان اور ولی عہد کو تہنیتی پیغام دیتے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کے مقاصد کے لیے مملکت کی سپورٹ پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطین اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے نایف بن بندر السدیری کی کوششوں کو بھی سراہا۔