رانا شمیم کے نواز شریف کی موجود گی میں حلف نامےپر دستخط ، شریف خاندان کے تنازعہ پیدا کرنے کے حوالے سے مشکوک کردار پر نئی بحث چھڑ گئی

185
رانا شمیم کے نواز شریف کی موجود گی میں حلف نامےپر دستخط ، شریف خاندان کے تنازعہ پیدا کرنے کے حوالے سے مشکوک کردار پر نئی بحث چھڑ گئی

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی طرف سے نواز شریف کی موجودگی میں حلف نامے پر دستخط کے تازہ ترین انکشافات نےشریف خاندان کے تنازعہ پیدا کرنے کے حوالے سے مشکوک کردار پر نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔

انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبیون کی اتوار کو شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج نےحلف اٹھایا اور حلف نامہ پر دستخط کسی اور کے نہیں بلکہ میاں نواز شریف کے دفتر میں کئے اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان کے کردار کو متنازعہ بنانےکی کوشش کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انگریزی روزنامے کے پاس دستیاب شواہد کے مطابق برطانیہ کے ایک سالیسٹرچارلس گوتھرائی نے تصدیق کی کہ جج ماربل آرچ میں موجود تھا۔ اسٹین ہوپ پیلس، ماربل آرچ ،کمپنیز ہائوس کے ریکارڈ پر فلیگ شپ ڈویلپمنٹ لمیٹڈ کے دفاتر میں سے ایک ہے، جس کے ڈائریکٹرز میں حسن نواز شریف بھی ایک ڈائریکٹر ہیں اور یہ دفتر لندن میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی میاں نواز شریف سے ملاقاتوں کا مرکز رہا ہے۔

نواز شریف کو لندن میں اپنے ڈاکٹروں سے علاج کے لیے جیل سے چار ہفتے کی چھٹی دی گئی تھی جو پانامہ کیس میں 10 سال کی سزا کاٹ رہے تھے اور نواز شریف نے دو سال گزرنے کے باوجود نہ تو چیک اپ کرایا اور نہ ہی واپس آئے، جس پر انہیں عدالت نے مفرور بھی قرار دے رکھا ہے۔

شریف خاندان ماضی میں بھی متنازعہ رہا ہے، چاہے وہ مریم نواز کی طرف سے تیار کردہ قطری خط ہو یا فروری 2006 میں مریم اور ان کے بھائی کے دستخط شدہ ٹرسٹ ڈیڈ کیلیبری فونٹ کی تحریر ہو جب وہ 2007 تک کاروباری وجوہات کی بنا پر طور پر دستیاب نہیں تھے۔

نئے انکشافات نے رانا شمیم کے پہلے سے ہی مشکوک حلف نامے پر مزید شکوک پیدا کر دیے ہیں کیونکہ اس وقت یہ کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔

ممتاز صحافی اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امتیاز گل نے کہ اس کہانی بنیادی طور پر رانا شمیم کے حلف نامے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے اور شریف خاندان کے کردار کو بے نقاب کر دیا ہے ۔

سپریم کورٹ کے وکیل اور انسانی حقوق کے سرگرم رکن محمد اظہر صدیق نے کہا کہ اس انکشاف کاکریڈٹ رپورٹر کو جاتا ہے جس نے یہ مکمل سٹوری دی ہے ۔ انہوں نے رپورٹر کی تعریف کی اور کہا کہ حقیقت سامنے آکر رہتی ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نئے انکشافات نے ایک بار پھر شریف خاندان کو ”سسلین مافیا“ ثابت کردیا ہے کہ وہ عدلیہ سمیت اداروں کو کس طرح بلیک میل کرتے ہیں۔ ٹویٹر پربھی نواز شریف پھر پکڑے گئے اور رانا شمیم، ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں جن میں ماہرین، میڈیا پرسنز اور سیاست دان اس انکشاف پر تبصرہ کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذوالفقار بخاری کا کہنا ہے کہ ایسا کیوں ہے کہ شریف خاندان جو کچھ بھی کرتا ہے وہ ہمیشہ مجرمانہ فراڈ ہوتا ہے؟ وہ بار بار دھوکے باز اور رسواہوتا ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ عرفان ہاشمی کا بڑا انکشاف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ قوم پہلے سے ہی جانتی ہے، شریف خاندان نے پہلے سے منصوبہ بندی کرکے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے اور اپنے خلاف کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے یہ کھیل رچایا اور اس خبر سے انکشاف ہو گیا ہے کہ نواز شریف نے رانا شمیم سے متنازع حلف نامے پر اپنے دفتر میں اور اپنی موجودگی میں دستخط کرائے تھے۔

ایم این اے صوبیہ کمال خان نے تبصرہ کیا کہ عدالتوں میں جمع کرائی گئی جعلی دستاویزات، عدلیہ کو بدنام کرنے، منی لانڈرنگ اور یہاں تک کہ ریاست کو بدنام کرنےکا باعث بنی ہیں، یہ شریف اور بھٹو کا وطیرہ ہے۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ٹویٹ کیا کہ مفرور جعلساز کے جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ معاذ الدین نے کہا کہ اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو چھپانے کے لیے جعلسازی، جھوٹی گواہیاں اور جعلی حلف نامے یا ویڈیوز کے بعد اس مافیا کا ایک اور فراڈ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ یہ توہین عدالت، جھوٹے دعووں اور گواہ مٹانے کے ماہر ہیں۔

نٹ صاحب نامی ایک اور ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ جھوٹ، فریب اور فراڈ کے بے تاج بادشاہ نواز شریف ایک بار پھر عوام کے سامنے پکڑے گئے ۔ ایک نیٹ صارف زید رضا نے کہا کہ کچھ لوگ جسٹس آصف کھوسہ کے اس خاندان کو سسلین مافیا کے ساتھ نتھی کرنے کے تبصرے پر کافی نالاں تھے۔

یہ شاید اس خاندان کی سب سے ایماندارانہ تصویر کشی ہے اور میری دعا ہے کہ وہ پاکستان میں دوبارہ کبھی اقتدار میں نہ آئیں ۔ کاشف نامی ایک شخص نے ٹویٹرپرکہا کہ صرف پچھلے چند ہفتوں کے دوران یہ بات کسی شک و شبہ سے بالاتر ثابت ہوئی کہ شریفوں نے ثاقب نثار کی جعلی آڈیو بنائی، رانا شمیم سے جھوٹے حلف نامے پر دستخط کروائے اور ٹیکس دہندگان کے خرچے پر میڈیا کو جوڑ توڑ اور کنٹرول کرتے رہے ، شریف اس ملک کا سب سے بڑا مافیا ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ شریف خاندان کی ایک اور گھنائونی سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔ حقائق سامنے آئے کہ معزز ججز سے متعلق رانا شمیم کے حلف نامے پر نواز شریف کے لندن آفس میں نواز شریف کی موجودگی میں دستخط کرائے گئے۔